مہر خبررساں ایجنسی، اقتصادی ڈیسک: ایران کا سمندری محاصرہ کرکے اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد امریکہ نے اب زمینی محاصرے کا اعلان کیا ہے، تاہم سمندری محاصرے کی طرح اس منصوبے میں بھی اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے زمینی محاصرے کو ناممکن قرار دیتے ہوئے خطے کی سیاسی و جغرافیائی صورتحال میں ایران کے اہم محل وقوع کی طرف توجہ دلائی ہے۔
وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اقتصادی دباؤ اور سمندری پابندیوں کے ذریعے ایران پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ تاہم ایران کا زمینی محاصرہ کرنے کے لیے امریکہ کو ایسی پیچیدہ علاقائی اور جغرافیائی رکاوٹوں کا سامنا کرنا ہوگا جن سے نمٹنا آسان نہیں ہوگا۔
زمینی اور سمندری محاصرے میں فرق
زمینی اور سمندری محاصرے میں بنیادی فرق ہے۔ سمندری محاصرے میں محاصرہ کرنے والی طاقت مخصوص بحری راستوں پر فوجی تعیناتی کرکے جہازوں کی آمدورفت کو کنٹرول کر سکتی ہے، لیکن ایران جیسے ملک کا زمینی محاصرہ کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف سرحدوں پر موجود متعدد زمینی راستوں اور گزرگاہوں کو بند کرنا ہوگا، جس کے لیے ہمسایہ ممالک کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔
ایران تقریباً 16 لاکھ 50 ہزار مربع کلومیٹر رقبے کے ساتھ خطے کے بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی زمینی سرحدیں سات ممالک عراق، ترکی، جمہوریہ آذربائیجان، آرمینیا، ترکمانستان، افغانستان اور پاکستان سے ملتی ہیں۔ ملک کی مجموعی زمینی سرحدوں کی لمبائی تقریباً 5900 کلومیٹر ہے۔
ایسے وسیع رقبے اور طویل سرحدوں کے حامل ملک کا محاصرہ کرنے کے لیے امریکہ کو متعدد سرحدی علاقوں، گزرگاہوں اور مواصلاتی راستوں پر بیک وقت کنٹرول حاصل کرنا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے اسے بھاری سیاسی، فوجی اور اقتصادی اخراجات بھی برداشت کرنا پڑیں گے۔
زمینی محاصرہ اور ہمسایہ ممالک کے مفادات
ایران کے زمینی محاصرے میں پہلی بڑی رکاوٹ ہمسایہ ممالک کے مختلف مفادات ہیں۔ کیا امریکہ ترکی، عراق، پاکستان، افغانستان، آذربائیجان، آرمینیا اور ترکمانستان کو اس بات پر آمادہ کر سکتا ہے کہ وہ ایران کا اپنے گردونواح سے رابطہ منقطع کرنے کے مشترکہ منصوبے میں اس کا ساتھ دیں؟
ان تمام ممالک کے اپنے الگ سیاسی، اقتصادی اور سلامتی سے متعلق مفادات ہیں اور تہران کے ساتھ ان کے تعلقات بھی ایک جیسے نہیں۔ ان میں سے بیشتر ممالک تجارت، توانائی، راہداریوں اور سرحدی سلامتی کے شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون کو اہمیت دیتے ہیں۔
مثال کے طور پر عراق خطے میں ایران کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار ہے، جبکہ ترکی ایران کے لیے یورپی منڈیوں تک رسائی کا ایک اہم راستہ ہے۔ اسی طرح وسطی ایشیائی ممالک اور پاکستان بھی علاقائی تجارتی اور ٹرانزٹ راستوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
لہٰذا امریکہ کے لیے ان تمام ممالک کو ایران کے مکمل محاصرے کی پالیسی میں شامل کرنا آسان نہیں ہوگا، کیونکہ اس کے لیے اسے ان ممالک کے اقتصادی اور جغرافیائی سیاسی مفادات کو نظرانداز کرنا پڑے گا۔
معاشی تنوع اور متبادل راستے
دوسری بڑی رکاوٹ ایران کے اندر جغرافیائی اور اقتصادی تنوع ہے۔ ملک کی معیشت کسی ایک علاقے یا پیداواری و تجارتی مرکز تک محدود نہیں ہے۔ شمالی صوبوں میں بحیرہ خزر کے حوالے سے زرعی، صنعتی اور تجارتی صلاحیتیں موجود ہیں۔ مغربی صوبوں کے عراق اور ترکی کی منڈیوں سے روابط ہیں، جبکہ مشرقی علاقوں میں افغانستان اور پاکستان کے ساتھ تجارتی تبادلے کی گنجائش موجود ہے۔ اس کے علاوہ وسطی صوبوں میں بھی وسیع صنعتی، معدنی اور پیداواری وسائل پائے جاتے ہیں۔
اس تنوع کا مطلب یہ نہیں کہ ہر صوبہ مکمل طور پر خودکفیل ہے یا اسے دوسرے صوبوں کی ضرورت نہیں، بلکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران محدود حالات میں اپنی اقتصادی سرگرمیوں کو مختلف علاقوں اور راستوں کے ذریعے دوبارہ منظم کر سکتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں، اگر کسی ایک تجارتی راستے پر پابندی لگا دی جائے تو اس سے ملک کی تمام اقتصادی سرگرمیاں بند نہیں ہوں گی، کیونکہ ایرانی حکام متبادل راستے استعمال کرسکتے ہیں۔
علاقائی راہداریوں میں ایران کا اہم مقام
تیسرا اہم عنصر علاقائی راہداریوں کے نیٹ ورک میں ایران کا جغرافیائی محل وقوع ہے۔ ایران وسطی ایشیا، قفقاز، خلیج فارس، بحیرہ عمان اور برصغیر کے بعض حصوں کو ملانے والے خطے میں واقع ہے۔
شمال، جنوب راہداری اور مشرق، مغرب کے مواصلاتی راستوں کے ذریعے ایران کو ایک اہم تجارتی و ٹرانزٹ مرکز کی حیثیت حاصل ہے۔ ترکی، قفقاز اور وسطی ایشیا کے ممالک کے ساتھ ریلوے اور سڑکوں کے رابطوں کی بدولت ایران مختلف علاقائی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔
اس کے علاوہ بحیرہ خزر بھی ایران کے لیے ایک اہم مواصلاتی گزرگاہ ہے۔ اس سمندر کے ذریعے روس اور دیگر ساحلی ممالک کے ساتھ تجارتی رابطے برقرار رکھ کر ایرانی حکام جنوبی راستوں پر ممکنہ پابندیوں کے اثرات کم کر سکتے ہیں۔
اگرچہ ان راستوں کی گنجائش اتنی نہیں کہ وہ ایران کی تمام سمندری تجارت کا متبادل بن سکیں، تاہم ان کے ذریعے ایران اپنی بیرونی تجارت کے لیے متبادل ذرائع اختیار کر سکتا ہے۔
محاصرے کی قیمت ہمسایہ ممالک کو بھی چکانا ہوگی
ایران کے زمینی محاصرے کے امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے سب سے اہم سوال اس اقدام کے علاقائی ممالک پر پڑنے والے اقتصادی اور سیاسی اثرات کا ہے۔
ایران کے محاصرے سے صرف ایرانی معیشت متاثر نہیں ہوگی بلکہ اس کے اثرات سرحدی تجارت، ٹرانزٹ آمدنی، علاقائی نقل و حمل اور ہمسایہ ممالک کی منڈیوں تک اشیا اور توانائی کی رسائی پر بھی مرتب ہوں گے۔ اس لیے خطے کے ممالک کے لیے ایسے منصوبے میں شامل ہونا اپنے طویل مدتی مفادات کے خلاف جا سکتا ہے۔
ایران کا جغرافیائی محل وقوع اسے اقتصادی اور مواصلاتی اعتبار سے ایک ایسی تزویراتی گہرائی فراہم کرتا ہے جس کی وجہ سے اسے مکمل طور پر الگ تھلگ کرنا آسان نہیں۔ ایران محض خلیج فارس کے ساحل پر واقع ایسا ملک نہیں جس کے چند سمندری راستوں پر کنٹرول حاصل کرکے اس کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع کیا جا سکے، بلکہ اس کی وسیع زمینی سرحدیں، متعدد ہمسایہ ممالک اور متنوع اقتصادی و ٹرانزٹ روابط اسے ایک منفرد جغرافیائی حیثیت دیتے ہیں۔
اس تناظر میں عراقچی کے بیان کو محض ایک سیاسی مؤقف کے بجائے ایک اہم جغرافیائی حقیقت کی نشاندہی قرار دیا جا سکتا ہے۔ ایران کا زمینی محاصرہ کرنے کے لیے امریکہ کو سب سے پہلے ہمسایہ ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، جبکہ ان ممالک کے مختلف مفادات اور باہمی اقتصادی انحصار کے باعث ایسا اتفاق رائے حاصل کرنا انتہائی مشکل ہے۔
تاہم اس جغرافیائی برتری سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ایران کو فعال پالیسی سازی کی ضرورت ہے۔ ایرانی حکام کو ریلوے اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، سرحدی تجارت کے فروغ، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعاون میں توسیع اور محدود تجارتی راستوں پر انحصار میں کمی کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ اس طرح ایران بیرونی دباؤ کے مقابلے میں اپنی اقتصادی کمزوریوں کو کم کر سکتا ہے۔
حاصل سخن
ایران کا زمینی محاصرہ کوئی آسان اور کم خرچ منصوبہ نہیں ہے۔ اتنے وسیع رقبے، متعدد ہمسایہ ممالک اور متنوع اقتصادی صلاحیتوں کے حامل ملک کو اس کے گردونواح سے الگ کرنے کے لیے امریکہ کو نہ صرف وسیع جغرافیائی حدود پر کنٹرول حاصل کرنا ہوگا بلکہ اسے خطے کے متعدد ممالک کا تعاون بھی درکار ہوگا۔
اقتصادی محاصرے کے ذریعے ایران پر دباؤ تو ڈالا جا سکتا ہے، لیکن اسے مکمل علاقائی تنہائی سے دوچار کرنا بالکل الگ معاملہ ہے۔ اس مقصد کے حصول میں ایران کا جغرافیائی محل وقوع، طویل زمینی سرحدیں اور علاقائی اقتصادی روابط امریکہ کے لیے بڑی رکاوٹ ثابت ہوں گے۔
آپ کا تبصرہ